سال 2020 میں صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکتوں میں اضافہ
سال2020 میں دنیا بھرمیں صحافت سے تعلق رکھنے والے 65 افراد مختلف واقعات میں مارے گئے
صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم آئی ایف جے (IFJ) نے آج جاری کردہ اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2020 کے دوران دنیا بھر میں 65 صحافی و دیگر میڈیا اسٹاف اپنی صحافتی خدمات کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہوئے۔
آئی ایف جے کے مطابق دنیا کے 16 ممالک میں یہ 65 افراد اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ٹارگٹڈ حملوں، بم حملوں اور کراس فائرنگ کے دوران نشانہ بنے۔
رپورٹ کے مطابق 2020 میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2019 کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس طرح 1990 سے لیکر 2020 تک دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کی مجموعی تعداد 2680 تک جا پہنچی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ صحافی زیادہ تر جن وجوہات کی بنا پر ہلاک ہوئے ان میں منظم مجرموں کے گروہ، شدت پسند اور نسلی تشدد شامل ہیں۔ جبکہ یہی چیزیں آج بھی صحافیوں میں خوف کی وجہ ہیں۔
2020 کے متعلق آئی ایف جے کی اس سالانہ رپورٹ میں ہلاکتوں کے لحاظ ممالک کی جو رینکنگ کی گئی ہے اس میں صحافیوں کی 14 ہلاکتوں کے ساتھ میکسیکو پہلے نمبر پر ہے۔