"صبح" میڈیا فیسٹیول اپنے اختتام کو پہنچا
اس پروگرام کے دوران غزہ میں العالم نیوز چینل کی رپورٹر اسراء البحیصی کی قدردانی بھی کی گئی۔
اختتامی پروگرام کے موقع پر فیسٹیول کے سیکریٹری محسن یزدی نے بتایا کہ پہلے ایک پرشکوہ اختتامی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا لیکن صدر رئیسی کی شہادت کے بعد یہ طے ہوا کہ اس واقعے کے پیش نظر، اس پروگرام کو سادہ انداز میں منعقد کیا جائے۔ اس کے علاوہ آئی آر آئی بی کے سربراہ پیمان جبلّی نے بھی بتایا کہ اختتامی پروگرام میں شرکت اور تقریر کے لئے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی بات ہوگئی تھی لیکن یہ توفیق ہم سے چھین گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ نظام اپنے استقلال، خوداعتمادی، حق پسندی اور انقلاب کے تربیت یافتہ شجاع شخصیتوں کی بنا پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور طاقتور تر ہوتا رہے گا جس کا واضح نمونہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دیکھا گیا جب صدر رئيسی نے شہید قاسم سلیمانی کی تصویر اور قرآن کریم کو اٹھا کر توازن کو تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس انقلاب نے حاج قاسم سلیمانی، ابراہیم رئیسی اور حسین امیرعبداللہیان جیسی شخصیتوں کو پھلنے پھولنے کا موقع دیا اور مستقبل میں ایسی شخصیات کی زیادہ تعداد دیکھی جائیں گی۔
اس موقع پر آئی آر آئی بی ورلڈ سروسز کی رپورٹر اسراء البحیصی کی قدردانی کی گئی اور انہیں غزہ کے ذرائع ابلاغ کے استقامت کی علامت اور ان جیسوں کو مغربی یونیورسٹیوں میں فلسطین کی حمایت میں تحریکوں کے پھیلنے کی وجہ قرار دیا۔ پیمان جبلی نے کہا کہ ہمیں اسراء البحیصی پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے اور بہت سے غزہ والوں نے میڈیا کا حق ادا کرتے ہوئے صیہونیوں کے مظالم کا پردہ فاش کردیا۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ایسے دسیوں ہزار میڈیا ایکٹیوسٹ کام کر رہے ہیں جو کہ بڑے ذرائع ابلاغ سے متاثر ہوئے بغیر مغربی دنیا کو غزہ میں پیش آنے والے واقعات سے روشناس کروا رہے ہیں۔ آئی آر آئی بی کے سربراہ نے صبح میڈیا فیسٹیول کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ نہ صرف ایران اور علاقے کے لئے اہم ہے بلکہ اس فیسٹیول کی بنیاد پر سامراج مخالف غیروابستہ میڈیا نیٹ ورک قائم کیا جاسکتا ہے۔