Sep ۰۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کیلئے تنازع کشمیر کا حل ناگزیر ہے: پاکستان

پاکستان جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کیلئے تنازع کشمیر کا حل ناگزیر ہے: پاکستان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کیلئے تنازع کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ تنازع کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، پاکستان جموں و کشمیر تنازع کے یک طرفہ حل سے متعلق کسی بھی بیانیے کو مسترد کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ ایسے دعوے گمراہ کن اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیان بازی اور بے بنیاد دعوے ترک کرے۔

ترجمان نے مطالبہ کیاکہ بھارت جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے بامعنی مذاکرات کا راستہ اپنائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا تھاکہ پاکستان کے ساتھ مستقل بات چیت کا دور ختم ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ جموں و کشمیر کامسئلہ آرٹیکل 370 نے ختم کر دیا ہے، اب سوال یہ ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کس قسم کے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

ٹیگس