Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۱۶ Asia/Tehran
  • لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، پاکستان کا ہندوستان سے احتجاج
    لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، پاکستان کا ہندوستان سے احتجاج

حکومت پاکستان نے کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعے پر ہندوستان سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے اس معاملے پر احتجاج کیا گیا ہے۔

پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ بدھ کو لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں اس کے دو شہری زخمی ہوگئے تھے جبکہ منگل کو ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میں ہندوستان اور پاکستان کی سرحدی سیکورٹی فورس کے اعلی عہدیداروں نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف روزیاں روکنے کے طریقہ کار پر اتفاق کیا تھا۔

لیکن ان مذاکرات کے دو روز بعد ہی فائرنگ کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا۔ پاکستانی وزرات خارجہ کے جاری کردہ بیان میں، ہندوستانی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سن دوہزار تین میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن قائم ہوسکے۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سرحدوں پر کشیدگی اور فائرنگ کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دونوں اطراف کے متعدد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان دونوں ہی ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کرتے چلے آرہے ہیں۔

ٹیگس