کراچی میں جاری آپریشن مزید تیز کر دیا گیا: وزیرداخلہ پاکستان
پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
واہ کینٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ رینجر کے اہلکاروں پر حملے کے بعد کراچی آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا اور اس میں کمی کے بجائے مزید تیزی لائی جائے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کراچی میں رینجر کے آپریشن کے نتیجے میں حالات میں بہتری آئی ہے۔
چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ سن دوہزار تیرہ اور دوہزار پندرہ کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ نے ایک بار پھر حکومت کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ کراچی آپریشن پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے سے شروع کیا گیا تھا اور مرکزی حکومت اس کی مکمل نگرانی کر رہی ہے۔