پاکستان، افغانستان اور شمالی ہندوستان میں زلزلے کے جھٹکے
پاکستان افغانستان اور شمالی ہندوستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
گذشتہ رات پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں پشاور میں سات خواتین اور بچوں سمیت تینتالیس افراد زخمی ہوگئے تاہم کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے- پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان کے شمال مشرقی علاقے اشک آباد میں دوسوتین کلومیٹر گہرائی میں تھا - امریکی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو تھی -
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں پشاور سمیت نوشہرہ ، ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ ، کوہاٹ ، مردان ، سوات،چترال ، اپردیر ، لوئر دیر ،لکی مروت ،مانسہرہ ،ایبٹ آباد اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ اسلام آ باد کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہر ملتان ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،منڈی بہاءالدین ،سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، مری کے علاوہ سندھ میں جیکب آباد اور دیگر اضلاع بھی لرز اٹھے۔
گلگت بلتستان میں اسکردو،دیامر اورگلگت کے علاوہ دیگر اضلاع بھی رات گئے زلزلے کی زد میں آئے۔ دیامر میں لینڈ سلائڈنگ سےشاہراہ قراقرم پر ٹریفک متاثر ہوگئی- پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے علاوہ ، ہٹیاں بالا، نیلم، باغ اور راولا کوٹ میں بھی زلزلہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا-
زلزلے کے بعد ضمنی جھٹکوں کے آنے کا بھی خدشہ ہے، حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ زلزلےسے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے -
افغانستان اور ہندوستان کے شمالی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے- جموں کشمیر اور شمالی ہندوستان میں زلزلے کی شدت ری ایکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ پانچ تھی تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی خبر نہیں ہے- جبکہ افغانستان میں آنے والے زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو بتائی گئی ہے-