پاکستان نے نوازشریف مودی ملاقات کو مثبت قرار دے دیا
اسلام آباد نے ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات کو مثبت قرار دیا ہے-
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے خارجہ سیکریٹری اعزاز چودھری نے ہندوستانی وزیراعظم کا دورہ مکمل ہونے کے بعد اعلان کیا ہے کہ نوازشریف اور نریندر مودی کی ملاقات مثبت رہی ہے- اعزاز چودھری نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم کا نہایت گرم جوشی سے استقبال کیا گیا ہے -
پاکستان کے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ نواز شریف اور نریندرمودی کی ملاقات بہت اچھی اور فریقین کے لئے نتیجہ خیز رہی ہے- اعزاز چودھری نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک دوسرے کے نظریات کا جائزہ لے کر اختلافات کے حل کے لئے تعمیری مذاکرات شروع کئے جائیں گے-
ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کل کابل سے دہلی جانے کے بجائے اچانک لاہور پہنچ گئے اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات اور گفتگو کی-
گذشتہ گیارہ برسوں کے دوران پہلی بار کسی ہندوستانی وزیراعظم نے پاکستان کا دورہ کیا ہے- اس سے قبل دوہزار چار میں ہندوستان کے اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا-