پاکستان: ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی آنے کی امید
-
پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید
پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں کشیدگی ختم کرانے کے حوالے سے اسلام آباد کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے منگل کے روز ارنا سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان پاکستان کی ثالثی کا عمل جاری ہے، کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو امید ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے بارے میں اسلام آباد کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔
انھوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کو پاکستان کی حکومت اور قوم کے لئے ایک اچھی خبر قرار دیا اور کہا کہ پابندیوں کا خاتمہ، ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں خاص طور سے اقتصادی و تجارتی تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کا باعث بنے گا۔
پرویز رشید نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لئے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ ریاض و تہران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس اقدام کو دونوں ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ اسلامی، پڑوسی، برادر اور علاقے کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے۔