Feb ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کی قومی ایئر لائن کے احتجاجی ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم ، ایک جاں بحق اور چھ زخمی

پاکستان کی قومی ایئر لائن کے احتجاجی ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم میں ایک شخص جاں بحق اور کم سے کم چھے زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق تصادم اس وقت ہوا جب کراچی ایئر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر پی آئی اے کے ملازمین نے ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاجی جلوس نکالنے کی کوشش کی ۔

احتجاج کرنے والے ملازمین ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل کی جانب مارچ کرنا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ پولیس نے جناح ٹرمینل جانے سے روکنے کیلئے مظاہرین پرواٹرکینن کا استعمال کیا۔ اس موقع پر نیم فوجی دستے اور رینجرز کے اہلکار بھی سول انتظامیہ کی مدد کے لیے موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس اور رینجرز نے احتجاجی ریلی کو ایئرپورٹ جانے کی اجازت نہیں دی تاہم مظاہرین نے جناح ٹرمینل کا گیٹ کھولنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی ۔ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو روکنے کے لیے ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں سےایک شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پولیس اور پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پی آئی اے کے ملازمین نے یہ احتجاج حکومت کی جانب سے ادارے میں لازمی سروس ایکٹ نافذ کئے جانے کے محض ایک دن کے بعد کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کیا گیا تھا جس کے تحت ملازمین کی تمام یونینیں ختم کرکے احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کااعلان کیا گیا تھا۔

ٹیگس