پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظ کے عزم کا اظہار
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظ کے لیے قائم اسپیشل سیکورٹی ڈویژن کے دورے کے موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہم اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف شروع کی گئی مہم سے آگاہ ہیں۔
انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی فوج ہر قیمت پر اقتصادی راہداری منصوبے کا تحفظ کرے گی۔
جنرل راحیل شریف نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تمام ادارے مل کر پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال اپریل میں چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد اور بیجنگ نے چھیالیس ارب ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
ہندوستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے راستے کو متنازع قرار دیا ہے تاہم پاکستان نے ہندوستان کے اعتراض کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔ ریلوے ، شاہراہوں اور توانائی کی منتقلی کی پائپ لائنوں پر مشتمل اس منصوبے کی تکمیل کے بعد چین کے دیو ہیکل تیل بردار بحری جہازوں کو خلیج فارس کے تیل سے مالامال ملکوں تک جانے کے لیے بحرہند سے شنگھائی کی بندرگاہ تک کا تیرہ ہزار کلومیٹر کا سفر طے نہیں کرنا پڑےگا۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت یہ سفر گھٹ کر صرف تین ہزار کلومیٹر ہوجائے گا۔واضح رہے کہ چین پاکستان کا اہم ترین تجارتی پارٹنر شمار ہوتا ہے۔