ہندوستانی حکومت نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو ہندوستان جانے کی اجازت دے دی
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ ہندوستان نے پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے لئے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے وہاں جانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
پاکستان کے وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے دورے کے لئے جو واحد شرط لگائی ہے وہ یہ کہ پاکستان اپنی ٹیم بھیجنے سے پانچ روز قبل نئی دہلی کو آگاہ کردے - ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم آئندہ چند روز میں ہندوستان روانہ ہوجائے گی- ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی حکام کو اس سلسلے میں وزارت خارجہ کی جانب سے خط لکھ دیا گیا ہے جس پر ہندوستان نے رضامندی ظاہرکردی ہے-
پاکستانی وزیرداخلہ نے اس بات کا کوئی جواب نہیں دیا کہ ہندوستانی حکومت نے مذکورہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ ایئربیس کے اندر بھی داخل ہونے کی اجازت دی ہے یا نہیں- اس سے پہلے بعض خبروں میں یہ کہا گیا تھا کہ ہندوستان پاکستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ ائیربیس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دےگا
جنوری کے اوائل میں پٹھان کوٹ میں ایئربیس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری ہندوستان نے پاکستان میں موجود کالعدم تنظیم جیش محمد پرعائد کی تھی - اس کے بعد پاکستانی حکومت نے ملک میں جیش محمد کے دفاتر سیل کرکے اس تنظیم کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا –