Feb ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • سمجھوتہ ایکسپریس کی بحالی کا امکان

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس سروس پچیس فروری کو بحال ہوجائے گی۔

سمجھوتہ ایکسپریس کو پیر کے روز لاھور سے ہندوستان روانہ ہونا تھا تاہم پنجاب اور ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر اس کی روانگی منسوخ کردی گئی تھی۔ اس سے پہلے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان نے دوستی بس سروس کی روانگی بھی منسوخ کردی تھی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ وہ ایک ہزار مسافروں کو دہلی سے چھتیس گڑھ پہنچانے کے لیے اتر پردیش روٹ پر ایک خصوصی ٹرین چلارہے ہیں۔ پاکستان ریلوے کے ایک عہدیدار کے مطابق ہندوستان کے اس اقدام کے بعد توقع ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس پچیس فروری تک بحال ہوجائے گی۔

ادھر پاکستان کے محکمہ سیاحت کے ذرائع نے کہا ہے دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس کی بحالی کے لیے ہندوستان کی جانب سے کلیئرنس کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کے دوران اب تک انیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ کئی روز سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران ریلوے اور بسوں کے نظام کو زبردست نقصان پہنچا ہے اور معاشی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔

ٹیگس