ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سمجھوتہ ایکسپرس اور دوستی بس سروس کی بحالی
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان چلنے والی ٹرین، سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس تین روز بعد بحال ہو گئی۔
ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کے باعث پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سمجھوتہ ایکسپریس اور دوستی بس سروس معطل ہو گئی تھی۔ رواں ہفتے پیر کے دن پاکستان سے ہندوستان جانے والے مسافروں کی تعداد دو سو تھی۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ تین روز بعد ٹرین بحال ہونے پر مسافروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ البتہ دونوں جانب سے حکومتوں نے مسافروں کے ویزے بڑھا دیئے تھے۔
ہریانہ میں جاٹ برادری کی جانب سے ریزرویشن کے مطالبے کو لے کر پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن کی وجہ سے دہلی جانے والی ٹرینیں اور سڑک کے راستے بھی بند ہو گئے تھے۔ پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سمجھوتہ ایکسپریس سے ہندوستان جانے والے مسافروں کی تعداد ایک سو سات تھی۔
دہلی جانے والے مسافروں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان عوامی اور حکومتی سطح پر رابطے مزید تیز ہونے چاہئیں۔