پاکستانی حکومت ہندوستان کے ساتھ جامع اور پائیدار مذاکرات کی خواہاں
پاکستانی حکومت اور فوج، ہندوستان کے ساتھ جامع اور پائیدار مذاکرات کی خواہاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت اور فوج کے اعلی عہدیداروں نے ایک مشترکہ نشست میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تمام اختلافات اور کشیدگی کے خاتمے کے لئے ایک بامعنی، پائیدار اور جامع مذاکراتی منصوبے کی ضرورت پر تاکید کی۔ اسلام آباد میں ہونے والی اس نشست میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔ اس نشست میں اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان موجود اختلافات کے خاتمے کے لئے پائیدار اور جامع مذاکرات پر تاکید کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے مسائل کا حل علاقے میں امن و سلامتی کا ایک نیا دور شروع ہونے کا باعث بنے گا۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ہندوستان کے نئے ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کے ساتھ ملاقات میں بھی دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر تاکید کی تھی۔ نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ہندوستان کے نئے ہائی کمشنر نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان قریبی تعلقات کے لئے مؤثر کوشش کر سکتے ہیں۔
ادھر ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے۔ پرنب مکھرجی نے کہا کہ حکومت ہندوستان خود کو پاکستان کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کی پابند سمجھتی ہے اور دہشت گردی کے مقابلے کے سلسلے میں خاص طور سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے سرحدی علاقوں میں تعاون کی فضا کے قیام کی خواہاں ہے۔ اطلاعات کے مطابق واشنگٹن میں آئندہ ماہ ہونے والے ایٹمی سیکورٹی اجلاس کے موقع پر ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کا امکان ہے۔