دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کے آرمی چیف کا بیان
Feb ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کے قبائلی علاقے شوال میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مارے گئے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ کے موقع پر پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سبھی دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے نکال کر ختم کیا جائے گا۔
ان فوجیوں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں نے دہشت گردوں کو شوال کے علاقے سے بھاگنے نہیں دیا اور ہم دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب ہفتے کو ہونے والی لڑائی میں انیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ چار فوجی بھی مارے گئے تھے جن میں ایک کپیٹن بھی شامل ہے۔