ایران نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے: چوہدری نثار علی خان
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ ایران نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کاساتھ دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ہفتے کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی میڈیا میں آنے والی منفی خبروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر کے دورہ پاکستان کے فوائد اور ثمرات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے-
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے گہرے دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کو پاکستان کے اندر ہر سطح پر حمایت حاصل ہے-
انہوں نے پاکستانی میڈیا سے کہا کہ وہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے معاملے کو ایران اور پاکستان کے تعلقات سے نہ جوڑے بلکہ یہ معاملہ پاکستان اور ہندوستان کا ہے-
پاکستانی وزیر داخلہ نے صاف لفظوں میں کہا کہ یہ بات سب کو یاد رکھنی چاہئے کہ ایران پاکستان کے خلاف کبھی بھی منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا ہے-
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جب بھی ایران اور پاکستان کے تعلقات بہت زیادہ قریب ہونے لگتے ہیں تو دشمن طاقتیں غلط افواہیں پھیلانے لگتی ہیں-
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کے بارے میں کہا کہ وہ اس معاملے میں حقائق جلد ہی عوام کے سامنے لائیں گے-
یاد رہے کہ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف ای سی ایل سے اپنا نام نکال دئے جانے کے بعد دبئی چلے گئے ہیں جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔