Apr ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے ساتھ تجارت میں مزید سہولتیں فراہم کریں گے، ایرانی سفیر

پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی لین دین میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایوان صنعت و تجارت لاہور کے دورے کے موقع پر ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ باہمی تجارت کے فروغ میں دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے کاندھوں پر اہم ترین ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا سفارت خانہ دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان تعاون کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے لازمی سہولتیں مہیا کرے گا۔

اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان پورٹ اور شپنگ کے شعبوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کی چابہار اور پاکستان کی گوادر بندرگاہ ایک دوسرے کی حریف نہیں بلکہ حلیف اور معاون بندرگاہ ہیں۔

ایوان صنعت و تجارت لاہور کے چیئرمین ناصر سعید نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ایران کے نجی شعبے کے ساتھ تعان اور لین دین میں پوری دلچسپی رکھتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ایران اور پاکستان کے نجی شعبے کے درمیان تجارت کو منظم خطوط پر استوار کیا جائے۔

ٹیگس