پاکستانی فوج کے سربراہ نے گیارہ مجرموں کے موت کے پروانے پر دستخط کردیئے
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے گیارہ مجرموں کے موت کے پروانے پر دستخط کردیئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں نے تمام دہشت گردوں کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ موت کی سزا پانے والے دہشت گرد عناصر دہشتگردی اور اغوا کی سنگین واردتوں نیز تعلیمی اداروں اور مواصلاتی نظام تباہ کرنے میں ملوث تھے۔ سزا پانے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سولہ دسمبر دوہزار چودہ کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر طالبان کے حملے کے بعد حکومت پاکستان نے ملک میں سزائے موت پرعائد غیر اعلانیہ پابندی ختم کردی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک فوجی اور سول عدالتوں سے سزا پانے والے درجنوں افراد کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے۔
یاد رہے کہ آرمی پبلک اسکول پر طالبان کے وحشیانہ حملے میں ایک سو چوالیس کمسن اسکولی بچوں سمیت ڈیڑھ سو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔