May ۰۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستانی اپوزیشن کا سینیٹ کے اجلاس سے واک آوٹ

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے پنامہ لیکس کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے سینٹ کے اجلاس سے واک آوٹ کیا ہے ۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ایوان بالا کے اجلاس میں ایک بار پھر پنامہ لیکس کے معاملے کو اٹھایا اور وزیراعظم سے ایوان میں وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن کے ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کو بیرون ملک بنائے گئے اثاثوں کی وضاحت پیش کرنے کے لیے ایوان میں آنا چاہیے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو دعوت دیتے ہیں کہ ایوان میں آکر بتائیں کہ انہوں نے اور ان کے خاندان نے بیرون ملک کتنے اثاثے بنائے ہیں۔

اپوزیشن کے ارکان نے سینٹ کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے اٹھ کر چلے گئے۔

بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ جب تک وزیراعظم ایوان میں آکر وضاحت پیش نہیں کرتے سینٹ کے روزانہ کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا نام بھی ان کے بچوں کے حوالے سے پنامہ لیکس میں سامنے آیا ہے۔

ٹیگس