پاکستان کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش، اپوزیشن نے مسترد کر دیا
پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نئے مالی سال کا بجٹ ملک کی قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال کے بجٹ میں معاشی ترقی کا ہدف پانچ اعشاریہ سات مقرر کیا گیا۔ بجٹ میں کل مالیاتی اخراجات کا تخمینہ تینتالیس اعشاریہ نو کھرب روپے لگایا گیا ہے جبکہ مالیاتی خسارے کو تین اعشاریہ آٹھ فیصد تک لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو درپیش خطرات ٹل چکے ہیں اور ملک ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے ایک بار پھر مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بارے میں آئندہ کا لائحہ عمل تمام جماعتوں کی مشاورت سے طےکریں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت متعدد رہنماوں نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمن قرار دیا ہے۔