Jun ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور جرمنی کے درمیان فوجی اور دفاعی تعلقات کے فروغ پرغور

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ جرمنی کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے اپنے دو روزہ دورہ برلن کے پہلے روز اپنے جرمن ہم منصب جنرل فولکر ویکر کے علاوہ جرمن وزیردفاع محترمہ اورسولا گریٹریڈ کے ساتھ ملاقات کی جس میں دفاعی معاملات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی تعلقات، دفاعی اور سیکورٹی تعاون بڑھانے اور تربیتی معاملات کے علاوہ اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی زیر بحث آئے۔

اس رپورٹ کے مطابق جرمنی کے فوجی حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف جرمنی کے دو روزہ دورے کے بعد جمہوریہ چک کا بھی ایک روزہ دورہ کریں گے۔

پاکستان کی دفاعی اورعسکری پالیسیوں کے ساتھ ساتھ ملک کی خارجہ پالیسی میں ناقابل انکار کردار رکھنے والے پاکستانی فوج کے سربراہ ، اپنا منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک متعدد ملکوں کا دورہ کرچکے ہیں۔

ٹیگس