چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بیٹا بازیاب
پاکستانی فوج نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے مغوی بیٹے اویس شاہ کو خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں اغوا کاروں کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔
اویس علی شاہ کو اکیس روز قبل کراچی سے اغوا کیا گیا تھا۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ اویس شاہ کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ نے اغواء کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات تھیں کہ دہشت گرد اویس شاہ کو مغربی سرحد سے افغانستان لے جانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاعات پر کیے جانے والے اس آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ٹانک صوبہ خیبر پختونخوا میں افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ہے اور اس کا کراچی سے فاصلہ آٹھ سو پچپن کلومیٹر ہے۔ تازہ ترین خـبروں کے مطابق اویس شاہ کو فوجی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔