Jul ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۸ Asia/Tehran
  • چینی پیپلز لبریشن آرمی کی نواسی ویں سالگرہ کی تقریب سے جنرل راحیل شریف کا خطاب

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی اورعوام کو پاک چین دوستی پر فخر ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کو بغیر کسی رکاوٹ کے کامیاب کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی پیپلز لبریشن آرمی کی 89 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اور چین کی قیادت، مسلح افواج اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پراپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی اورعوام کو پاک چین دوستی پرفخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ اقتصادی راہداری کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

جنرل راحیل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو بغیرکسی رکاوٹ کے کامیاب کیا جائے گا۔  پاک چین اقتصادی راہداری سو ملین لوگوں کی زندگی میں بہتری لائے گی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردوں، مجرموں اور کرپٹ عناصر کے خاتمے کے لیے ہم پرعزم ہیں اور ہمارا عزم غیر متذلزل ہے۔ آپریشن ضرب عضب ہرقسم کے دہشتگردوں کے خلاف جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ چین خاص طور پر ایسے حالات میں کہ جب پاکستان اورامریکہ کے تعلقات میں سردمہری پائی جاتی ہے، سیاسی و اقتصادی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا اہم ترین اسٹریٹیجک اتحادی ہے۔

ٹیگس