یمن میں سعودی عرب کے ہاتھوں نسل کشی کی مذمت
-
علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ مسلمان اپنے اتحاد و یکجہتی سے دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔
پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین نے یمن میں مظلوم عوام کے قتل عام میں سعودی عرب کی آل سعود حکومت اور اس کے حامیوں کی جارحیت کو غیر انسانی اور نسل کشی قرار دیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین صوبے پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے یمن میں مساجد، مدارس اور طبی مراکز سمیت رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کے حملوں اور ان حملوں میں یمن کے عام شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔
انھوں نے عراق اور شام میں بھی عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، قطر، ترکی، صیہونی حکومت اور سعودی عرب دہشت گرد گروہوں کی بھرپور ہمہ جہتی مدد کر کے عام شہریوں کے قتل عام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین صوبے پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے مسلمانوں کی حمایت میں رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی ہدایات اور دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلے میں مسلمانوں کی جانب سے منطق و ہوشیاری کا مظاہرہ کئے جانے کی ضرورت پر آپ کی تاکید کی قدردانی کی۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان اپنے اتحاد و یکجہتی سے دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔