Oct ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • راولپنڈی: شیخ رشید کے جلسے میں شریک لوگوں پر پولیس کا لاٹھی چارج

راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا جلسہ روکنے کے لئے پولیس نے کمیٹی چوک پر دھاوا بول دیا اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے-

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کمیٹی چوک پر پولیس کی کارروائی کے بعد پولیس اور عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مابین جھڑپ ہوئی - اس موقع پر کارکنوں نے انتظامیہ کے خلاف بھی شدید نعرے لگائے- اطلاعات ہیں کہ پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لال حویلی جانے والے تمام راستے بند کردئے - دونومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے ذریعے اسلام آباد میں دھرنے سے پہلے ہی اٹھائیس اکتوبر شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ نے راولپنڈی میں جلسے کا اعلان کیا تھا -

جلسے کو روکنے کے لئے حکومت نے لاک ڈاؤن کرتے ہوئے اسلام آباد میں بنی گالہ اور راولپنڈی میں لال حویلی کا محاصرہ کرلیا - لال حویلی روڈ پر حکومت نے سو سے زائد کنٹینر لگاکر راستے بند کردئے جبکہ جلسہ گاہ کو بھی سیل کردیا گیا- لیکن حکومت کی ان تمام کاوشوں کے باجود شیخ رشید موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جلسہ گاہ پہنچے اور مظاہرین سے خطاب کرکے موٹر سائیکل پر ہی سوار ہو کر واپس لوٹ گئے -

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ میں آؤں گا کسی میں ہمت ہے تو آئے مجھے گرفتار کرے - اس سے پہلے جمعرات کو اسلام آباد میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے کنونشن کے مقام پر پولیس نے حملہ کرکے وہاں موجود لوگوں کو منتشر اور بڑی تعداد میں کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا -

دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے - ادھر کوہاٹ میں وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے جلسے کے باہر نون لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران دونوں جانب سے پتھراؤ کئے گئے-

ٹیگس