عمران خان اسمبلیاں تحلیل کریں گے یا اراکین کو مستعفی ہونے کی ہدایت دیں گے
شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے ورنہ وہ پارٹی اراکین کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دے دیں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے خلاف الٹی گنتی 9 جنوری سے شروع ہو کر اپریل میں ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کے بیانات جلتی پر تیل ڈال رہے ہیں۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو سلو پوائزننگ کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے ورنہ وہ پارٹی اراکین کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دے دیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی مسلم لیگ اگلے انتخابات میں عمران خان کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ قومی سلامتی کی خاطر اپنے غیر ملکی اثاثوں کو پاکستان واپس لائیں، موجودہ حکومت ڈیلیور کرنے میں ناکام رہی ہے اور لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
دریں اثنا سابق وزیر داخلہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور حامیوں نے مہنگائی کے خلاف ریلی بھی نکالی۔
ریلی کے شرکا نے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی قیادت میں لال حویلی سے فوارہ چوک تک مارچ کیا۔
شرکا نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پی ڈی ایم حکومت کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے لگا رہےتھے، فوارہ چوک پہنچنے کے بعد شرکا پُرامن طور پر منتشر ہو گئے، ریلی کے باعث مری روڈ اور ملحقہ روڈز پر ٹریفک جام رہا۔