پاکستان: کراچی میں حکومت کے اقدامات کے خلاف وسیع احتجاجی مظاہرہ
پاکستان کے شہر کراچی کے عوام نے حکومت کے جارحانہ اقدامات اور اہم شیعہ شخصیات کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبے سندھ کے صدر مقام کراچی میں پیر کو حکومت اسلام آباد کے خلاف کئے جانے والے احتجاج کے شرکاء نے پاکستان کی اہم مذہبی شخصیات کو گرفتار کرنے سے متعلق اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار کئے جانے والے تمام شیعہ مسلمانوں اور رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس سے قبل بھی کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور جیل میں بند شیعہ مسلمانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین کے نائب سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی نے اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں خبردار کیا تھا کہ حکومت نے اگر شیعہ مسلمانوں کو رہا نہیں کیا اور شیعہ مسلمانوں اور اہم شخصیات کی گرفتاری کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے حال ہی میں شیعہ مسلمانوں کی بعض اہم شخصیات منجملہ مولانا مرزا یوسف حسین اور فیصل رضا عابدی کو گرفتار کر لیا جبکہ شہر کراچی میں کئی شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی ہے۔ چنانچہ پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں، ان کی گرفتاری اور ان کے خلاف حکومت کے تشدد پسندانہ اقدامات سے پورے پاکستان کے شیعہ مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے خاص طور سے ایسی حالت میں کہ بعض ذرائع سے یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ حکومت اسلام آباد بعض اہم شیعہ شخصیات کی شہریت تک منسوخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔