علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ امین شہیدی کے وکیل نے سماعت کے دوران عدالت میں مؤقف اپنایا کہ 2006ء سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے جبکہ قانون کے مطابق تین سال سے زیادہ عرصہ تک کسی کا نام فورتھ شیڈول میں نہیں رکھا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ امین شہیدی کا نام کالعدم تحریک جعفریہ سے تعلق کی بناء پر فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا حالانکہ ان کا تعلق تحریک جعفریہ سے نہیں ہے، جس پر عدالت نے علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا حکم دے دیا۔