Dec ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: بلوچستان میں عرب شکاریوں کے قافلے پر حملہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں عرب شکاریوں کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ شیخ سیف بن زید النہیان کی سربراہی میں ابوظہبی سے تلور کے شکار کے لیے آنے والے قافلے پر صوبے بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے گچکی میں مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں عرب شکاریوں کے قافلے کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

فرنٹیئر کور اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔

دوسری جانب کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔ واضح رہے کہ عرب شہزادوں کو ہر سال پاکستان کے صوبوں پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تلور پرندے کے شکار کی اجازت دی جاتی ہے جس پر پاکستان کے عوام کی طرف سے احتجاج کیا جاتا ہے۔ گذشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع کیچ میں قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی غرض سے زمین الاٹ کیے جانے کے خلاف کسانوں اور قبائلی افراد نے مظاہرہ بھی کیا تھا۔

کسانوں اور قبائلی افراد کا کہنا تھا کہ یہ فصل کا سیزن تھا لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پوری تحصیل قطری شہزادوں کے حوالے کر دی گئی اور لوگوں کو ان کے روزگار سے محروم کر دیا گیا۔

 

ٹیگس