Jan ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۷ Asia/Tehran
  • پاراچنار میں دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

پاراچنار دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کل اسلام آباد اور پارا چنارمیں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کے دوران حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی۔

مظاہرین نے حکومت پر کڑی تنقید کی اور دہشتگردی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ امن کے نام پر قبائل سے اسلحہ اکٹھا کرنے کے عمل کو روکا جائے۔ اس اقدام سے امن پسند لوگ دہشتگردوں کے سامنے نہتے ہوجایئں گے۔

در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے سانحہ پارہ چنار کے خلاف آج اتوار کو یوم احتجاج کا اعلان کیاہے، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے سانحہ پارہ چنار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اتوار کو ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب بھر میں یوم احتجاج منائے گی۔

مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس نے سانحہ پاراچنار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ داعش اورکالعدم جماعتوں کے عسکریت پسنداب افغانستان سے پا کستان میں داخل ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر ایک بار پھر سے متحرک ہو رہے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کیا جائے۔ دہشت گردی میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے لئے مالی امداد کااعلان کیاجائے اور انہیں بہترین علاج معالجے کی مکمل سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے پاراچنار دہشتگردی واقعے کے خلاف 3 روزہ سوگ کااعلان بھی کیا ہے۔

پارا چنار میں عید گاہ مارکیٹ کے قریب کل صبح ہونے والے دھماکےمیں 25افراد شہید اور 50سے زائد زخمی ہوئے ۔

 

ٹیگس