پاکستان: 6 ایف سی اہلکار زخمی
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 6 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج ایف سی اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ ٹانک کے علاقے مولا زئی موڑ میں ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ٹانک منتقل کردیا گیا ۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت سنازک بتائی جاتی ہے۔
واقعے کی فوری طور پر کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں بھی پشاور کے علاقے بشیرآباد میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔
پاکستان اورافغانستان کی سرحد کے قریب فاٹا کے مختلف علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد اکثر وبیشتر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔