Jan ۲۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: 60 ہندوستانی ماہی گیرگرفتار

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ( ایم ایس اے) نے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر 60 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

میری ٹائم سیکیورٹی کے اہلکاروں نے حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ماہی گیروں کو گرفتار کر کے ان کی 10 کشتیوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس آفیسر لطیف بابرکے مطابق گرفتار کیے گئے ماہی گیروں کو آج (ہفتہ کو)عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے انہیں جیل بھیجا جائے گا۔

خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں مچھلی کے شکار کے دوران ایک دوسرے کی سمندری حدود کی خلاف ورزیوں پر آئے دن پاکستان اورہندوستان ایک دوسرے کے ماہی گیر گرفتار کرتے رہتے ہیں۔ ماہی گیروں کی کشتیاں جدید آلات سے عاری ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں حدود کا اندازہ نہیں ہوتا اور وہ سمندری حد پار کر جاتے ہیں۔

گرفتار ہونے والے اکثر ماہی گیروں کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان خراب سفارتی تعلقات اور بیوروکریسی کی رکاوٹ کے باعث، اپنی سزا کاٹنے کے بعد بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنا پڑتا ہے،  تاہم دونوں ممالک جذبہ خیر سگالی کے تحت بھی قید کئی ماہی گیروں کو رہا کر دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو بھی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ہندوستان کے 219 ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، اس سے قبل دسمبر 2016 میں بھی پاکستان نے ہندوستان کے 220 ماہی گیروں کو رہا کیا تھا اور ہندوستان بھی جذبہ خیر سگالی کے تحت اب تک کئی پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کر چکا ہے۔

 

ٹیگس