کشمیر:اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے کرانے کا مطالبہ
پاکستان کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ سے اپنے زیر نگرانی شفاف اور منصفانہ استصواب رائے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یوم یكجہتی كشمیر كے موقع پرپاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں كہا ہےكہ پاكستانی عوام ’’یوم یكجہتی كشمیر‘‘ منانے میں اپنے كشمیری بھائیوں كے ساتھ شریك ہیں اور بنیادی انسانی حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کے لیے كشمیری عوام كے جائز جدوجہد میں اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت كے عزم كا اعادہ كرتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ عالمی برادری كشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق كی خلاف ورزیوں، سکیورٹی فورسز كی جانب سے بے گناہ كشمیریوں پر مظالم كے خلاف آواز بلند كرے اور كشمیر كے عوام سے 70 سال قبل كیے گئے وعدوں كو عملی جامہ پہنائے۔
كشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آج پاکستان بھر میں یوم یكجہتی كشمیر منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں آج تمام شہروں میں كشمیری عوام سے یكجہتی كے اظہار كے لئے سیمینارز، كانفرنسزاور ریلیاں منعقد كی جائیں گی۔