مذہبی رواداری کی ضرورت پرتاکید
وزیر مذہبی امور پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ مذہبی رواداری کی موجودہ دور میں بہت ضرورت ہے۔
مذہبی رواداری سیمینار کا انعقاد قائداعظم لائبریری باغ جناح کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں وزیر مذہبی امور پنجاب سید زعیم حسین قادری اور دوسری اہم شخصیات نے شرکت کی ۔
وزیرمذہبی امور پنجاب سید زعیم حسین قادری نے اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری کی موجودہ دور میں بہت ضرورت ہے، دنیا کے حالات ایسے ہیں کہ ہمیں ایک دوسرے کے جذبات اورعقائد کا خیال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ کریں گے جوکہ حکومت کی ذمہ داری بھی ہے۔
ڈاکٹرعبدالغفور، حافظ عبدالرزاق، مفتی عاشق حسین بخاری، حافظ عتیق اللہ عمر، حافظ ممتاز حسین اعوان، ڈاکٹر ظہیر احمد بابر، ہندو رہنما بھگت لعل کھوکھر اور دیگر رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسلام رواداری، تحمل اور برداشت کا دین ہے اور دوسرے الہامی ادیان کے وجود کو تسلیم کرتا اور ان سے سماجی تعلقات رکھنے کی نہ صرف اجازت دیتا ہے بلکہ ان کیساتھ بہتر محبت اور امن کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو انسانیت کی بنیاد پر ایک دوسرے کیلئے جگہ پیدا کرنی چاہیے اور اختلاف کو دلیل اور حکمت کیساتھ جاری رکھا جائے نہ کہ بندوق کے زور پر دوسرے کیلئے جگہ تنگ کر دی جائے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسلام امن، صلح اور انسانی اقدار کا مذہب ہے، جس کا تنگ نظری اور فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں۔ مقررین نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی حیات طیبہ میں مذہبی رواداری کی بہترین مثال ہے ۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ لوگوں نے جہاد کے مفہوم کو غلط سمجھا، جس کی وجہ سے بدامنی کو امن کے مذہب کیساتھ نتھی کرنے کی سازش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی مذہبی انتہا پسندی کا شکار ہیں، جس کی دنیا بھر میں مذمت کی جاری ہے، ان کی پالیسیاں عالمی امن کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں، جس کی وجہ سے امریکہ تنہائی کا شکار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلمانوں پر پابندی عائد کی جائے گی تو امریکیوں پر بھی سفری پابندیاں عائد ہوں گی۔