Feb ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: ڈپٹی چیرمین سینیٹ کادورہ امریکا منسوخ

چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے امریکی سفارتخانے کی جانب سے ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے ویزے کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر پر سینیٹ کے وفد کو امریکا جانے سےروک دیا۔

چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے امریکی سفارتخانے کی جانب سے ڈپٹی چیرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے ویزے کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور ویزے کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر پر وفد کو امریکا جانے سے روک دیا ہے۔

ڈپٹی چیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کو وفد کے ہمراہ امریکا روانہ ہونا تھا جہاں انہیں نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں 13 فروری کو ہونے والی تقریب میں وفد کے ہمراہ شرکت کرنا تھا تاہم ڈپٹی چیرمین نے بھی نیویارک میں ہونے والی تقریب میں جانے سے انکار کردیا۔

چیرمین سینیٹ رضا ربانی کی ہدایت پر وفد کا دورہ منسوخ کردیا گیا جب کہ رضا ربانی نے مزید حکم دیا کہ سینیٹ کا کوئی وفد اس وقت تک امریکا کا دورہ نہیں کرے گا جب تک امریکی سفارتخانے کی جانب سے ویزے میں غیر ضروری تاخیر پر وضاحت نہیں دی جائے گی۔

سات مسلمان ملکوں کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد پاکستان پر پابندی کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے واضح طور پر نفی کی گئی لیکن اب اس انکار کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی اورامریکہ نے سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔

امریکہ جانے کیلئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ایک ہفتہ پہلے امریکی سفارتخانے کو درخواست جمع کرائی گی لیکن کل انہیں ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے ویزہ جاری نہ کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کو خط بھی لکھ دیا جبکہ کسی بھی امریکی وفد کے سینیٹ کی جانب سے استقبال پر پابندی بھی عائد کردی۔ یہ پابندی امریکہ کی جانب سے ویزہ جاری نہ کرنے کی وضاحت آنے تک عائد رہے گی۔

 

ٹیگس