کراچی: 7 دہشت گرد ہلاک
کراچی ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں 7 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سانحہ لعل شہباز قلندر کے بعد دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کراچی کے مخصوص علاقوں میں 15 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی کے مخصوص علاقوں میں 15 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہےجس کے تحت ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر، کلفٹن سمیت مخصوص مقامات پر جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔