Apr ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی حکومت کے فیصلے کے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد سے متعلق حکومت کے خفیہ فیصلے کے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔

پاکستان کی اہم سیاسی جماعت تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ  حکومت نے پارلیمنٹ میں دیے جانے والے بیان کے خلاف سعودی اتحاد سے متعلق فیصلہ کیا ہے جس کے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ ایوان کو کچھ عرصے پہلے کچھ اور بتایا گیا، پالیسی میں تبدیلی کا علم وزیردفاع خواجہ آصف کے ٹی وی انٹرویو سے ہوا۔

شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت کے بجائے صرف ثالثی کی حد تک کردار ادا کرے، ورنہ مسائل پیدا ہوں گے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ راحیل شریف کو کس حیثیت اور کن شرائط کی بنیاد پر سعودی فوجی اتحاد کا سربراہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سیاسی اور مذہبی جماعتیں اوراسی طرح اس ملک کی سیاسی شخصیات نے راحیل شریف کو سعودی فوجی اتحاد کا سربراہ بنائے جانے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے پاکستانی مفادات کے خلاف قراردیا ہے۔

 

ٹیگس