May ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • امریکہ دنیا کو تباہ کرنے کے درپے

پاکستان کی مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ امریکہ نے دنیا پر جنگ مسلط کی اور لاکھوں انسانوں کا قاتل امریکی حکمران ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نشترپارک کراچی میں استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالموں کا مقابلہ کرنا اور مظلومین کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا پر اس وقت سب سے بڑا شیطان امریکہ مسلط ہے، دنیا میں کتنی جنگیں شروع کیں، لاکھوں بے گناہ عوام کا قتل عام کیا، امریکی نظام حکومت دنیا کو تباہ و برباد کر رہا ہے، جہاں پر ظلم اور کرپشن ہے، اُس کے پیچھے امریکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کےعوام مجبور ہیں، کیونکہ یہ نظام امریکی نظام ہے، ہمارے ملک کے حکمران اور منافقین امریکہ کے ساتھ ہیں، ظہور امام مہدیؑ کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہیں، پاکستان کو یمن، بحرین اور شام کی طرح کمزور کرنا چاہتے ہیں، آل سعود اور امریکہ یمن کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوچکے ہیں، کیونکہ یمن کی عوام نے حق کا ساتھ دیا اور استقامت نہیں چھوڑی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکمران پاکستان کو ایک نئے دلدل میں لے جانا چاہتے ہیں، آمر جنرل ضیاء جنگ کو ملک کے اندر لے کر آیا، ملک کو تباہ و برباد کیا اور تکفیریت کو پروان چڑھایا، اب پاکستان کو آل سعود کے الائنس میں لے جا ی جارہا ہے، یہ ہمارے ملک، فوج اورعوام کے دشمن ہیں، ہماری فوج کو تقسیم کرنے کی ایک گھناونی سازش ہے۔ پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں، ہم پاکستان کی جانب سے 39 ممالک کے الائنس میں جانے کی مخالفت کرتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے اوپر حملے کئے جاتے ہیں، کیونکہ ہم اس ملک کی سلامتی کیلئے لڑتے ہیں، قوم کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ہمارے جوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہےاور چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاستی ادارے ہمارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں، اگر اُن کا کوئی گناہ ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، یہ ظلم اب رُکنا چاہیے۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے، ملک بھر میں جلوس عزاء اور مجالس پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی امریکہ، اسرائیل اور آل سعود چلا رہے ہیں، ہم کسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو آل سعود کے ہاتھوں نہیں بیچنے دیں گے، پاکستان میں ظالم حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے۔

ٹیگس