May ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • کابل دھماکے کی مذمت

پاکستان نے افغانستان میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں آج صبح ہونے والے خوفناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ بھی زخمی ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں افغانستان میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان ایسے حملوں سے ہونے والے دکھ اور تکلیف کو سمجھتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام، افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا اور دھماکے میں سفارتخانے کے کچھ ارکان معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح افغان دارالحکومت کابل میں غیرملکی سفارتخانے اورایرانی نیوز ایجنسی کی عمارت کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں80 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ زور دار دھماکے کے باعث غیر ملکی سفارتخانے کی تمام کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا ۔ اس کے علاوہ آس پاس کی عمارتیں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دھماکے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی نیوز ایجنسی کی عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکہ وزیراکبر خان سٹریٹ میں ہوا جس کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں  بدستوراضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ فی الحال کسی دہشت گرد گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

ٹیگس