Jun ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • قطر کو اسلامی ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی سزا

پاکستان کے علماء نے کہا ہے کہ امریکی ایماء پر لیبیا، شام، عراق کے بعد خائن عرب بادشاہتیں قطرکو تباہ و برباد کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔

علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور، علامہ اظہر نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ احسان دانش، تقی ظفر نے کراچی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی بلاک کی حمایت کرنے اور ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے کی پاداش میں قطر کو تباہ و برباد کرنے کی سازش کو عملی جامع پہنانے کیلئے امریکی ایماء پر نام نہاد عرب فوجی اتحاد سرگرم ہو چکا ہے۔

علماء نے کہا کہ امریکی ایماء پر ایران کو تنہا کرنے کے احمقانہ اعلان کے بعد اب اہم عرب ملک قطر کے خلاف فوجی اتحاد کے جارحانہ عزائم ایک جانب توعالم اسلام کو کمزور کرنے کا باعث ہوگا تو دوسری جانب صہیونی جعلی ریاست اسرائیل کے تحفظ کا باعث ہوگا، کیونکہ قطر نے مزاحمتی بلاک کی حمایت ترک کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سربراہی میں بننے والا نام نہاد فوجی اتحادعالم اسلام میں تفرقہ، نفرتیں اور دوریاں پیدا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، جس کیلئے وہ داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کو مدد فراہم کررہا ہے، دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے نام پر بننے والے نام نہاد فوجی اتحاد کی جانب سے امریکی ایماءپر کھلے عام جمہوری اسلامی ایران کو تنہا اور اب عرب اسلامی ملک قطر کے گھیراؤ اور اس کے خلاف کارروائی کا اعلان کرنے کے باعث اس کے چہرے سے نقاب الٹ چکی ہے، لہٰذا پاکستانی حکومت کو چاہیئے کہ نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد میں شمولیت کے نام پر ملک و قوم کو اس دلدل میں دھکیلنے سے باز رہے۔ علماء کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہئیے کہ عالم اسلام کو درپیش تمام مسائل و چیلنجز میں فریق بننے کے بجائے غیر جانبدارانہ اور ثالثی و مصالحتی کردار ادا کرے، تاکہ عالم اسلام کو امریکی اسرائیل سازشوں سے بچایا جا سکے۔

ٹیگس