Jun ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • فوجی اتحاد سعودی تخت و تاج کو بچانے کے لیے قائم

پاکستان سنی تحریک نے کہا ہے کہ فوجی اتحاد سعودی بادشاہت کو بچانے کیلئے ہے۔

پاکستان سنی تحریک لاہور کے ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عبدالرسول خان نے لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور شام کی شمولیت کے بغیر پاکستان سعودی فوجی اتحاد سے فوری باہر نکلے، فوجی اتحاد اگر تو سعودی بادشاہت کو بچانے کے لیے اور شیعہ ممالک کے خلاف ہے تو پاکستان کو ایسے کسی اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہئے، سعودی حکام کی جنگ پاکستان کی گلی گلی میں شروع ہو سکتی ہے، ایسی خانہ جنگی کو پاکستان میں راستہ نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں کو اس سعودی فوجی اتحاد پر غور و فکر کرنا چاہئے، ایک مسلم ریاست کو دوسری مسلم ریاست کے خلاف فوجی اتحاد کے بہانے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

علامہ مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں، سعودی حکام یہودیوں کے ہاتھوں غلط استعمال ہو رہے ہیں۔

سنی تحریک لاہور کے صدر نے کہا کہ امریکہ اپنے ہتھیار بیچنے اور مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر مسلم نسل کشی کرنا چاہتا ہے، سعودی عرب میں امریکی مداخلت کے بعد جنرل (ر) راحیل شریف کو فوری واپس بلانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ فوجی اتحاد کو ایران، شام یا کسی بھی دوسری اسلامی ریاست کے خلاف کوئی بھی بہانہ بنا کر استعمال کیا گیا تو مسلم امہ کی تباہی کی تمام تر ذمہ داری سعودی اور پاکستانی حکام پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت طاقت کے زور پر مسلمانوں کو اہل کفار قتل و غارت گری کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

 

ٹیگس