حضرت علی (ع) کی شہادت کے موقع پر پاکستان میں ماتمی جلوس
آج تاریخ انسانی کے عظیم سپہ سالار فاتح خیبر، باب العلم، داماد رسول (ص) حضرت علی (ع) کا یوم شہادت ہے۔ فاتح خیبر حیدرکرار شیر خدا کو کوفہ کی مسجد میں 19 رمضان المبارک کو نماز کی حالت میں زخمی کیا گیا اور آپ 21 رمضان کوشہید ہو گئے۔
یوم حضرت علی(ع) کے موقع پر آج پاکستان بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسی مناسبت سے منعقد ہونے والے عزاداری کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
کراچی اور حیدر آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں جلوس کے روٹ بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
کراچی میں یوم حضرت علی(ع) کی مرکزی مجلس عزا و جلوس نشترپارک میں آج صبح11بجے ہوگی جبکہ دوپہر1بجے یوم علی(ع) کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر نمائش چورنگی پہنچے گا۔
جلوس کے شرکاء نمائش چورنگی پر نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے بعد جلوس مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر، حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ پراختتام پذیر ہوگا۔
کراچی میں یوم علی(ع) کے جلوس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لئے بند رہیں گی۔
پولیس نے یوم حضرت علی (ع) کے مرکزی جلوس کا سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے 122 جلوس نکالے جائیں گے۔ جبکہ 834مجالس بھی منعقد کی جائیں گی۔
مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 5 ہزار 5 سو 70 پولیس اہلکار جبکہ رینجرز کے جوان بھی تعینات ہوں گے۔ جلوس کے راستے میں آنے والی بلند عمارتوں پر بھی پولیس اور رینجرز نفری تعینات ہوگی۔
لاہور میں یوم حضرت علی(ع) کے موقع پر7 ہزارسے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
مبارک حویلی سے برآمد ہونے والا یوم حضرت علی(ع) کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا، روایتی راستوں پر پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی دی جائے گی، جلوس میں داخلے کے لیے شرکا کو چار مقامات پر تلاشی کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔
یوم حضرت علی(ع) کے موقع پر پشاور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، یوم حضرت علی(ع) کے حوالے سے مرکزی جلوس کا امام بارگاہ سید عالم شاہ سے آغاز ہوگا اور یہ چوک نثار خان سے گزر کر دوبارہ امام بارگاہ سید عالم شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
اس موقع پر کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے شرکا کو پہلے سے منظور کیے گئے مقامات پر جمع ہونے اور راستوں سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
راولپنڈی میں آپریشنل پولیس نے یوم حضرت علی(ع) پر سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ۔ یوم حضرت علی(ع) جلوس کے موقع پر 2ہزار پولیس کے جوان و افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں یوم حضرت علی(ع) کی مناسبت سے جلوس عزا آج رات بر آمد ہو گا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا سحری کے وقت علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
یوم حضرت علی(ع) کے جلوسوں کی سیکیورٹی کےلیے جلوس کے راستوں پر پولیس کے ساتھ ساتھ فرنٹیر کور (ایف سی) کو بھی تعینات کیا جائےگا اور راستے میں واقع تمام دکانیں بند رکھی جائیں گی۔
سنیئرپولیس افسر کا کہنا تھا کہ جلوس کے روایتی راستوں پر 3 ہزار پولیس اہلکار اور 5 ہزار ایف سی اہلکار تعینات ہوں گے۔