پاکستان کو امریکہ کی دھمکی
پاکستان کے صحافی کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے ایک بار پھر اس سے ڈو مور کا مطالبہ کر رہا ہے۔
پاکستان کے سینئر صحافی سید طلعت حسین نے دعویٰ کیاہے کہ وائٹ ہاوس کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر میک ماسٹر نے پاکستانی حکام کو مبینہ طور پر دھمکی دی ہے کہ اگر حقانی نیٹ ورک کے دہشتگردوں نے امریکہ کے مغوی شہریوں کو قتل کیا تو امریکہ پاکستان پر حملہ کر دے گا ۔
معروف صحافی سید طلعت حسین نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میک ماسٹر کی جانب سے دی جانے والی یہ دھمکی سرکاری حکام کے ذریعے پہنچائی گئی اور یہ دھمکی کابل حملوں کے رد عمل میں دی گئی ہے،تاہم اس خبر کی سرکاری سطح پر کسی طرح سے تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی ہے ۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاہے کہ امریکہ پاکستان سے افغانستان پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کریک ڈاون کا مطالبہ کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کا بڑے غیر نیٹو اتحادی کا درجہ کم کرنے سمیت، ڈرون حملوں میں اضافہ، پاکستان کو امداد میں تبدیلی یا اس کے روکے جانے کے امکانات زیرغورہیں۔
پاکستان سے متعلق امریکی پالیسی کیا ہے ابھی تک یہ واضح نہیں ہے شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے عوام اور اس ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتیں امریکہ کو پاکستان کا دوست نہیں بلکہ دشمن سمجھتی ہیں اوران کا کہنا ہے کہ امریکہ دوستی کے لبادے میں پاکستان کو نقصان پہنچا رہا ہےاور پاکستان سے ہمیشہ ڈو مور کا مطالبہ کرتا ہے۔