Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • کوئٹہ دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ

پاکستان کے شہر کوئٹہ میں آج ہونے والے دھماکے کی اس ملک کے اعلی حکام اور سیاسی اورمذھبی جماعتوں کی جانب سے مذمت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کوئٹہ میں آج صبح ہونے والے دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

نواز شریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ظالمانہ حملے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی مایوسی کا اشارہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بہیمانہ اقدام ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں من جملہ تحریک انصاف، مجلس وحدت مسلمین، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور سنی اتحاد کونسل نے آج صبح کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور جمعتہ الوداع یوم القدس کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کرانے کے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح کوئٹہ میں جناح چیک پوسٹ اور آئی جی آفس کے قریب شہدا چوک میں دھماکے سے 3 پولیس اہلکاورں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر تک سنی گئی اور دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے نتیجے میں محکمہ تعلیم کی عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی گاڑی میں بارودی مواد رکھا گیا تھا۔

ٹیگس