امریکہ پر کڑی نکتہ چینی
پاکستان کی وزرات خارجہ نے امریکہ کی جانب سے حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کئے جانے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے امریکہ کی جانب سےحزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کئے جانے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں کشمیریوں کو پیلٹ گنز کے ذریعے بینائی سے محروم کردیا گیا۔عالمی اداروں نے بھی کشمیر کی صورتحال پر افسوس کا اظہارکیا ہے لیکن امریکہ کی جانب سےکشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیناافسوسناک اور ناانصافی ہے۔
نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور عوام اور حکومت نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں جب کہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کے معترف ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر داخلہ وزیرداخلہ چوہدری نثار نےامریکی انتظامیہ کے اقدام پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی کے دورہ امریکہ کے بعد امریکی حکومت کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ امریکا کے نزدیک معصوم کشمیریوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز امریکا نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرمیں حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔