Jun ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے آرمی چیف پاراچنار پہنچ گئے

پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ آج صبح پاراچنار پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاراچنار کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج صبح پاراچنار پہنچ گئے، آرمی چیف پاراچنار میں دھرنا دیئے بیٹھے قبائلی عمائدین سے ملاقات کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ کو سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاراچناردھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دشمن اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کی خوشیوں کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم دشمن ایسا کرنے میں ناکام ہوگا اور پاکستان کے عوام اپنے اتحاد سے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

واضح رہے کہ پاراچنار میں 23 جون کو یوم القدس کے روز یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ہوئے تھے جن میں ایک سو کے قریب افراد شہید اور تین سو سے زائد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد سے  پاراچنار سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے شروع ہو گئے تھے۔

پاراچنار کےعوام کا مطالبہ تھا کہ آرمی چیف خود پاراچنار آئیں اور دھماکوں اور اسی طرح ایف سی کی جانب سے نہتے عوام پر کی جانے والی فائرنگ کا نوٹس لے اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔

ٹیگس