Jul ۰۳, ۲۰۱۷ ۲۰:۳۱ Asia/Tehran
  •  پاکستان بھر میں انہدام جنت البقیع کے موقع پر پرزور احتجاج

پاکستان میں شیعہ و سنی مسلمانوں نے یکجا ہو کر آل سعود کے خلاف 'انہدام جنت البقیع' پر پرزور احتجاج کیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پورے پاکستان میں شیعہ و سنی جماعتوں نے آٹھ شوال کو یوم مذمت انہدام جنت البقیع منایا-

اس موقع پر تمام شیعہ تنظیموں سمیت سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنت پاکستان اور نظام مصطفی پارٹی کے رہنماؤں نے آٹھ شوال کو حجاز مقدس میں جنت البقیع اور جنت المعلی میں امہات المومنین، صحابہ کرام اور اہلبیت اطہارعلیہم السلام کے مزارات مقدسہ کو مسمار کرنے کے سانحہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا تھا-

مظاہروں میں  سعودی حکومت سے جنت البقیع اور جنت المعلی میں مزارات مقدسہ کو ازسر نو تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ ان مزارات مقدسہ کے انہدام سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور کروڑوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم شدید  تشویش میں مبتلا ہیں۔

واضح رہے کہ آل سعود کی جانب سے مزارات مقدسہ کا انہدام مجرمانہ عمل ہے کہ جس پر عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ مزارات کو فوری تعمیر کیا جائے- قابل ذکر ہے کہ 1925ء میں عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود نے سرزمین حجاز میں اہلبیت اطہار علیہم السلام، امہات المومنین اور صحابہ کرام کے تمام تر مزارات اور روضوں کو توپ سے منہدم کر دیا تھا جس پر آج بھی امت مسلمہ شدید اضطراب و بیچینی میں مبتلاء ہے-

ٹیگس