Jul ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیراعظم کی تاجکستان کے صدر سے ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان آج ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری مثبت کوششوں کا ہندوستان نے جواب نہیں دیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن اور سلامتی پاکستان کے مفاد میں ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور تاجکستان کی دوستی کی 25ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، ایس سی او میں رکنیت کے لئے تاجکستان کی حمایت پر شکرگزار ہیں، تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسعت دینا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے دفاعی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کررہے ہیں ۔

 

ٹیگس