امریکا عالمی قیادت سے دستبردار
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے گزشتہ روز پاکستان ہائی کمیشن لندن میں سفارتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، امریکا بظاہر عالمی قیادت سے دستبردار ہوتا نظر آ رہا ہے اور برطانیہ یورپی یونین سے نکلنے کے بعد یورپ میں اپنا اثر و سوخ کھودے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہے اور اس دیرینہ مسئلے کو جلد از جلد حل ہو جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کا بنیادی ستون ہے، پاکستان کی کسی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا کیونکہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل اور کشمیر کی پاکستان کے بغیر کوئی شناخت نہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر نے کہا کہ مڈل ایسٹ میں اکثرعرب ممالک خانہ جنگی کا شکار ہو کر تباہ و برباد ہو چکے ہیں، ایسے حالات میں سفارتکاری کے طے شدہ اصول بھی بدل جائیں گے، اس لیے حالات کی نزاکت کو پیش نظر رکھ کر پالیساں بنانا ہوں گی۔