کنٹرول لائن پرکشیدگی
کشمیر کی کنٹرول لائن پر کشیدگی اور مزید تین پاکستانیوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آج دوسری بار ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنرکو پاکستانی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کے مطابق گزشتہ روز ہندوستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹرفیصل نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کوہندوستانی فورسز کی جانب سے چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت 2 شہری ہلاک ہوئے جس پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیا گیا تھا جب کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 3 شہری ہلاک ہوگئے جس پر آج پھر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان لائن آف کنٹرول پرایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتےرہتے ہیں۔